حضرت امام حسینؓ کی زندگی امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، قاری عثمان

September 20, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی زندگی امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، نواسہ رسولﷺاور اہل بیتؓ کی قربانیاں ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرنے کا درس دیتی ہیں، حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی سے روشنی حاصل کر کے شدت پسندی اور بیرونی جارحیت جیسے خطرات سے نمٹاجاسکتا ہے، دینی قوتوں کو متحد ہوکر اپنی صفوں میں انتشار پھیلانے والے عناصر کو اپنی صفوں سے نکال باہر کرنا ہوگا، آج پاکستان کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کی زیادہ ضرورت ہے، شہدائے کربلاکی قربانیاں تاریخ اسلام کا لازوال حصہ ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ عثمانیہ شیرشاہ کے اساتذہ و طلباء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قاری محمد عثمان نے کہا کہ 10محرم الحرام کو نواسہ رسولؐ اور ان کے خانوادے نے ایک عظیم مقصد کیلئے عظیم قربانی پیش کی تھی، انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ اور ان کے خانوادے کی قربانی کی یاد مناتے ہوئے ہمیں یہ حقیقت ہمیشہ پیش نظر رکھنی چاہئے کہ اس جدوجہد کا واحد مقصد رضائے الٰہی کا حصول تھا، اس لیے ضروری ہے کہ اپنے مسائل کے حل کیلئے نبی علیہ السلام کی اسوۂ حسنہ اور صحابہ کی زندگی سے رہنمائی حاصل کی جائے، انہوں نے کہا کہ اس عظیم قربانی کا ایک اور اہم مقصد یہ بھی تھا کہ مسلمانوں کو تقسیم ہونے سے بچا کر متحد کردیا جائے، ان تما م چیلنجزسے نمٹنے کاواحد طریقہ یہی ہے کہ قوم قرآنی تعلیمات کے مطابق اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لے اور باہم تفرقے میں نہ پڑے۔