امام عالی مقام نے گلشن اسلام کو تاراج ہونے سے بچایا، علامہ اوکاڑوی

September 20, 2018

کراچی (پ ر) مولانا اوکاڑوی اکادمی (العالمی) کے سربراہ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا ہے کہ قرابت رسول کی محبت اہل ایمان پر اللہ تعالیٰ نے واجب کی ہے اور رسول پاکؐ کو ایذا پہنچانے والوں کو قرآن میں ملعونین کہا گیا ہے اور احادیث نبوی میں ایسے لوگوں کے لئے اذیت ناک سزا بیان ہوئی ہے اور دنیا و آخرت میں ان کی خرابی و بربادی یقینی ہے۔ وہ جامع مسجد گلزار حبیب گلستان اوکاڑوی میں عشرہ محرم کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قرآن و سنت کے پابند ہیں اور ہمیں یہی تعلیم دی گئی ہے کہ بے ادبی و گستاخی سے عمر بھر کے اعمال برباد ہو جاتے ہیں جب کہ ادب اور عقیدت و محبت سے رضائے الٰہی اور رضائے رسول حاصل ہوتی ہے۔علامہ اوکاڑوی نے کہا کہ حسنین کریمین میرے پیارے نبی پاکؐ کے جمال و کمال کے مظہر ہیں۔ بلاشبہ امام عالی مقام نے نسبت رسول کا حق ادا کیا اور ان کا موقف عین اسلامی اصولوں کی پاسداری و پاسبانی تھا۔ وہ امت مسلمہ کے محسن ہیں اور تقویٰ کی سربلندی کے لئے ان کی قربانی نے گلشن اسلام کو تاراج ہونے سے بچایا۔