اخبارات کے مدیران کی گورنر، وزیر اعلیٰ،اسپیکرپنجاب اسمبلی سے ملاقاتیں

September 20, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر،نیوزرپورٹر)سی پی این ای کے وفد اور سینئر کالم نگاروں کے وفد نے گورنرپنجاب،وزیر اعلیٰ اورسپیکر پنجاب اسمبلی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں سیاسی امور،ملکی صورتحال اوراخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ حق گوئی اور بے باکی اصولی صحافت کی بنیاد ہیں ،ظلم ،ناانصافی اور کرپشن کے خلاف ہمیں اہل قلم اور اہل نظر کی رہنمائی اور تعاون درکار ہے ۔احتساب پی ٹی آئی کا محض نعرہ ہی نہیں بلکہ اب عام آدمی کو احتساب ہوتا ہو ا نظر آئے گا، کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اداروں کو با اختیار کرنا، جمہوریت کا استحکام اور بلا امتیاز احتساب ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اب وزیر اعظم سے لے کر مقامی کونسلر تک عوام کو جوابدہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل اور سیاسی استحکام میڈیا کا مرہون منت ہے ۔میڈیا کی تنقید کو خندہ پیشانی سے نہ صرف قبول کیا جائے گابلکہ اس سے رہنمائی بھی لی جائے گی ، ہماری حکومت اشتہارات کو بطور ٹول استعمال نہیں کرے گی اور ان کا اجراء خالصتاً میرٹ اور اخبارات کی سرکولیشن کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اختیارات کی مرکزیت کی بجائے اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے ۔ اس موقع پرعارف نظامی نے کہا کہ آئین و جمہوریت کی بحالی میں اہل قلم کا کردار کلیدی ہے، ہم توقع کرتے ہیں کہ موجودہ قیادت اظہار رائے کی آزادی اور میڈیا کی خود مختاری کو ترجیح دے گی۔ ضیا شاہد نے کہا کہ سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ صحافیوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے اور اِس حوالے سے ہم اپنے آپ کو پیش کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صحافیوں اور سینیئر کالم نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسائل کی نشاندہی کے حوالے سے میڈیا کا کردارکلیدی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے ،میڈیا کی تعمیری تنقید سے ہمیں رہنمائی ملتی ہے ۔عثمان بزدار نے کہا کہ اخبارات کے اشتہارات کی مد میں واجبات کی ادائیگی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم میڈیا اکیڈمی بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں جس کیلئے آپ لوگوں کی مشاورت اورتجاویز چاہتا ہوں۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اخباری صنعت کے مسائل ا ن کی مشاورت سے حل کریں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نےصحافیوں کے وفد کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون اور ملک کی ترقی کا ضامن ہے، تحریک آزادی سے لے کر آج تک تمام چیلنجز سے نمٹنے میں میڈیا خصوصاً اخبارات کا کلیدی کردار رہا ہے، اخبارات نے نہ صرف ارباب اختیار کو اصلاح کا راستہ دکھایا بلکہ لوگوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ عوام اور ارباب اختیار کے درمیان پل کا کردار بھی ادا کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کے صحافی بہادر اور محب وطن ہیں جنہوں نے دشمن کی ہر اٹھنے والی آواز کو دبایا اور اسے منہ توڑ جواب دیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اخبارات نے ذمہ دارانہ صحافت کی ۔عشائیہ میں عارف نظامی، ضیا ءشاہد، رحمت علی رازی، ارشاد احمد عارف و دیگر موجود تھے۔