کینٹ ایریاز میں غیرقانونی شادی ہالز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

September 20, 2018

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کینٹ بورڈ نے غیرقانونی شادی ہالز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ،کینٹ بورڈ کے عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے پلازوں کو شادی ہالز میں منتقل کر لیا گیا ہے جس سے پارکنگ کے مسائل درپیش آ رہے ہیں ، ایسے مالکان کو نوٹسز کا اجراء شروع کر دیا گیا ہے ، موجودہ ایگزیکٹو آفیسر سبطین رضا نے غیرقانونی طور پر پلازوں میں بنائے گئے شادی ہالز کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے ، مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے خلاف کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے اپنے شادی ہالز کو ریگولرائز کروا لیں ورنہ ان شادی ہالز کو سربمہر کرنے کے ساتھ ساتھ مسمارگی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا،واضح رہے کہ عام پلازے کے مقابلے میں شادی ہالز کیلئے زیادہ جگہ چھوڑنا پڑتی ہے مگر مالکان عام پلازے کا پہلے نقشہ منظور کرواتے ہیں اور پھربعد میں اس میں شادی ہالز کھول لیتے ہیں، پارکنگ کم چھوڑے جانے کی وجہ سے بعد میں ٹریفک کے بے شمار مسائل جنم لیتے ہیں۔