کراچی میں نویں محرم کا جلوس نشتر پارک سے برآمد

September 20, 2018

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسلام آباد، راولپنڈی ،کراچی ،لاہور ،کوئٹہ ،پشاور میں 9محرم الحرام کے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہیں، سینہ کوبی ،عزاداری اورنوحہ خوانی ، مجالس میں امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانی کا ذکر کیا جارہا ہے۔

تصویر: سہیل رفیق

کراچی میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس اپنے روایتی راستوں میں گامزن ہے، جلوس کی سیکیوریٹی پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے،جبکہ شہر میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے۔

تصویر: سہیل رفیق

کراچی میں جلوس کے شرکاء نے نماز ظہرین امام بارگاہ علی رضا کے سامنے ادا کی ،جس کے بعد جلوس سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ریڈیو پاکستان سے ہوتا ہوا، امام بارگاہ حسینیان ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے، جلوس کی سیکیوریٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی موجود ہیں۔

تصویر: سہیل رفیق

جلوس کے راستے میں مختلف مقامات پر سبیل حسین بھی لگائی گئی ہیں جن پر جلوس کے شرکاء شربت پی رہے ہیں ، اس کے علاوہ جلوس کے راستے میں آنے والی تمام دکانوں کو سیکیوریٹی کلیئرینس کے بعد سیل کیا گیا ہے۔

تصویر؛ سہیل رفیق

سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے شہرمیں پر موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے، جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پربھی 10 محرم تک پابندی عائد ہے۔

جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے، جلوس کی گزر گاہوں پر موجود پٹرول پمپس اور سینما گھروں کو بھی 10 محرم الحرام تک سیل کیا گیا ہے۔