’مودی نے بھارت کو دھوکا دیا، اولاندے کا شکریہ‘

September 22, 2018

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی سرکار نئے اسکینڈل میں پھنس گئی ،فرانس سے رافیل طیارے خریدنے کا تنازع سامنے آگیا ۔

سابق فرانسیسی صدر فرانسو اولاندے نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے گیارہ کھرب روپےمالیت کے36رافیل لڑاکا طیارے کی خریداری کیلئےانیل امبانی کی دیوالیہ کمپنی کو پارٹنر بنانےکی تجویزدی۔

سابق فرانسیسی صدر کا بیان سامنے آنے کے بعد مودی سرکارکی ڈیل پر اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

نئی دہلی میں میڈیا سے خطاب میں راہول گاندھی نے رافیل ڈیل سےمتعلق سابق فرانسیسی صدر کے دعوے پربھارتی وزیراعظم مودی سے وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ان کا کہناتھاکہ نریندر مودی نے بھارت کو دھوکا دیا ہے ،اولاندے کا شکریہ ۔۔ پتہ چل گیا کہ وزیراعظم مودی نے دیوالیہ کمپنی کو اربوں ڈالر کی ڈیل لائی ۔

کانگریس صدر نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ سابق فرانسیسی صدرنے بھارتی وزیراعظم کو چورکہا،انہیں یقین ہے بھارتی وزیراعظم کرپٹ ہیں،اب تو عوام کی سمجھ میں بھی آگیا ہےکہ دیش کا چوکیدار چور ہے۔

راہول گاندھی نے مزید کہا کہ سابق وزیردفاع نے کہا ہے کہ جب کنٹریکٹ میں تبدیلی ہوئی انہیں نہیں پتا تھا وہ گوا کےبازار میں مچھلی خرید رہےتھے۔