میاں نوازشریف،مریم نواز اورمحمدصفدر کی رہائی سچ کی فتح ہے، لیگی رہنما بولٹن

September 23, 2018

بولٹن( نمائندہ جنگ)پاکستان کے سابق وزیراعظم میاںمحمد نوازشریف مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزا کی معطلی پر برطانیہ کے دیگر شہروں کی طرح بولٹن میںبھی جشن کا سماں رہا مٹھائیاں تقسیم اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی، اس موقع پر نارتھ ویسٹ کے جنرل سیکرٹری اور مسلم لیگ ن بولٹن کے سابق صدر راجہ جلیل الرحمن نے میاں برادران کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 19ستمبر کا دن حق وسچ اور ن لیگ کی تاریخی فتح کا دن ہے جس سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ قید وبند کی صعوبتیں مسلم لیگ ن کے قائدین کا راستہ نہیںروک سکتیں، ان کی رہائی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گی اور مخالفین کو سوشل میڈیا پر رونا دھونا بند کردینا چاہئے۔ مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ عبدالقیوم نے کہا کہ میاںمحمد نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی رہائی نے مخالفین کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے اور جو لوگ مسلم لیگ ن کے خلاف طرح طرح کا پروپیگنڈہ کرنے میںمصروف تھے ان کی صفوں میںکھلبلی مچ گئی ہے ان کے منہ بند ہوگئے ہیں مسلم لیگ ن بولٹن کے صدر راجہ رئیس خان اور نارتھ ویسٹ کے سینئر نائب صدر راجہ فضل مجدد نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی رہائی انہیں سیاسی افق کی طرح لے جائے گی جس سے پاکستان میںنہ صرف سیاسی ہوائوں کا رخ تبدیل ہوگا بلکہ مسلم لیگ ن کی عزت ومقام برتری اور مقبولیت میںپہلے سے کئی گنا اضافہ ہوگا مسلم لیگ ن کے سرپرست اعلیٰ چوہدری نثار احمد (ٹوپہ) اور یوتھ ونگ کے صدر راجہ شاہنواز خان نے مسلم لیگ ن کے قائدین کی رہائی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائی ملک وقوم کے لئے دی گئی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے، انہوںنے اس توقع کااظہار بھی کیا کہ وہ اپنی سابق روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک وقوم کے لئے ایک بار پھر اہم کردار ادا کریں گے۔