کراچی پولیس اہلکاروں کودو سال سے چھوٹا اسلحہ چلانے کی تربیت نہیں دی گئی

September 23, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی پولیس کے اہلکاروں کو گزشتہ دو سال سے چھوٹا اسلحہ چلانے کی کوئی تربیت نہیں دی گئی ہے ، کراچی پولیس کے اعلیٰ حکام نے آئی جی سندھ سے پولیس اہلکاروں کو چھوٹا اسلحہ چلانے کے ریفرشر کورس بحال کرنے کی درخواست کردی ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے انسپکٹر جنرل پولیس آف سندھ کو لکھے گئے خط میں درخواست کی ہے کہ کراچی پولیس کے اہلکاروں کو گزشتہ دو سال سے فائرنگ ریفریشر کورس نہیں کرائے جارہے ہیں لہذا پرنسپل پولیس ٹریننگ سعید آباد اور شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد کو ہدایات دی جائیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کراچی پولیس کے 540اہلکاروں کو فائرنگ ریفریشر کورس کرانے کے انتظامات کریں، خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے 108تھانوں کے 540اہلکاروں میں سے 335اہلکاروں کو پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد اور 205اہلکاروں کو رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں فائرنگ ریفریشر کورس کرائے جائیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر احمد شیخ نے ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی ویسٹ اور ڈی آئی جی ایسٹ کو احکامات دیے ہیں کہ فائرنگ ریفریشر کورس کے لیے ایمونیشن کا انتظام کیا جائے جس میں نائن ایم ایم پستول کی گولیاں بھی شامل ہوں۔