بارود برآمدگی کے ملز موں کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ

September 23, 2018

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو راولپنڈی کے جج سلیمان بیگ نے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع دیکر دو مقدمات کے ملزمان کو جوڈیشل کردیا۔ عدالت نے کالعدم تنظیم سے تعلق اور بارود برآمد ہونے کے الزام میں گرفتار ملزمان عبدالحمید اور عابد رحمان کا دو اکتوبر تک دس روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ قبل ازیں ڈیوٹی جج نے بیس ستمبر کو گرفتار ہونے والے ملزمان کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ عدالت نے اغوا برائے تاوان کے الزام میں گرفتار پولیس ملازمین اسد ندیم، عامر حسین اور محمد ابراہیم جبکہ اسی الزام میں تھانہ حضرو میں درج کیس کے ملزم ولی محمد کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر چھ اکتوبر تک جوڈیشل کر دیا۔