جھڈو: زمیندار سے ایک لاکھ روپے چھیننے والے ملزما ن گرفتار

September 24, 2018

جھڈو( نامہ نگار) نجی جیلوں کے بعد زمینداروں سے ایک نئے فراڈ کا انکشاف، زمینوں کے لیے مزدور فراہم کرنے کے نام پر زمیندار سے ایک لاکھ روپے لوٹ لئے گئے ، ملزمان گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق جھڈو پولیس اسٹیشن پر موٹو کولہی نامی شخص نے دو ملزمان کے خلاف رپورٹ درج کرائی کہ ملزمان عبداللہ شیخ اور خمیسو شیخ نے زرعی زمین کے لیے مزدور مہیا کرنے کے لیے اس کو عمر کوٹ سے جھڈو بلوایا لیکن مزدور مہیا کیے بغیر اس سے اخراجات کے نام پر ایک لاکھ روپے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا لیکن موٹو کولہی نے کسی تصدیق اور گواہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے رقم دینے سے انکار کر دیا اور موٹر سائیکل پر دوبارہ عمر کوٹ روانہ ہو گیا لیکن ملزمان نے سلور موری کے مقام پر تشدد کرنے کے بعد اس سے ایک لاکھ روپے چھین لئے اور فرار ہو گئے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزمان لوٹ مار کرنے کے بعد تفریحی دورے پر اسلام آباد روانہ ہو گئے تھے جنہیں گرفتار کر کے لوٹی ہوئی رقم برآمد کر لی گئی ہے ۔ گرفتار ملزمان کا تعلق ننگر پار کر اور ڈیپلو سے ہے ۔