شہدائے کربلا کا ذکر قیامت تک جاری رہے گا، مفتی جمشید سکندری

September 24, 2018

شہدادپور (نامہ نگار) شہداء کربلا کا ذکر قیامت تک جاری رہے گا۔ حضرت امام حسینؓ اور شہداء کربلا نے دین اسلام کو بچانے کے لئے عظیم قربانیاں دیں ان خیالات کا اظہار مفتی جمشید احمد سکندری نے شہدادپور کی محمدی جامع مسجد میں رکھی گئی 8روزہ شہداء کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ اور ان کے رفقاء نے اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی جانوں کا نذانہ پیش کرکے یہ ثابت کر دیا کہ حق پر جان جائے تو جانے دو اور حق پر ڈٹ جاؤں۔ کانفرنس سے علامہ عبدالستار چندریگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا میں امام عالی مقام کی شہادت کا غم منایا جاتا ہے۔ کربلا میں انسانیت کی بقا دنیا و آخرت کی بھلائی کی خاطر امام عالی مقام کو فتح اور یزید کو شکست ہوئی اس کے نام لیوا ختم ہوگئے اور حسینیت کا راج ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم کا مہینہ ہمیں بھائی چارگی اور محبت کا درس دیتا ہے۔ کانفرنس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی کانفرنس کے بعد لنگر تقسیم کیا گیا۔