واسا کو غازی بروتھا سے پانی فراہمی کا کہہ دیا ، شیخ رشید

September 24, 2018

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں وزیر اعظم عمرا ن خان کے ساتھ ملکر حقیقی معنوں میں تبدیلی لانی ہے۔ این اے 60سے بدمعاشوں اور لٹیروں کو بھگا دیں گے ۔گلزار قائد میں ریلوے کی زمین پر گرلز کالج بنانے کےلئے کام شروع کر دیا گیا ہے پورے ملک میںجہاں جہاں ریلوے کی زمین ہے وہاں پر متعلقہ علاقے کی بچیو ں کے لئے تعلیمی ادارے بنائے جائینگے ۔ شکریال ، چکلالہ ، رحمت آبادکے علاقے کربلا کا منظر پیش کر رہے ہیں فوری طور پر واسا کو غازی بروتھا سے پانی کی فراہمی کے لئے اقدامات کا کہہ دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن تحصیل کے صدر راجہ باسط مسکین کا پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے میں اس وقت 23 ہزار ملازمین کی ضرورت ہے فوری طور پر 10 ہزار ملازمین کو بھرتی نہ کیا گیا تو ریلوے کو بہت بڑا نقصان ہو گا ریلوے میں عملہ بھرتی کرنے کے لئے وزیر اعظم سے بات کر لی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این اے 60 کے علاقو ں میں پانی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے گزشتہ ادوار میں واسا نے ان یونین کونسلوں کی طرف توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے مسائل بڑھ گئے ہیں ۔ پی ٹی آئی رہنما،سیاسی وسماجی شخصیت چوہدری بابر کو شیخ رشید نے کہا کہ آپ اپنےدوستوں کے ساتھ ملکر بچیوں کے کالج کے لئے فری جگہ دیں، میں معیاری بلڈنگ بنا کر دوں تاکہ علاقہ کی بچیاں یہاں تعلیم حاصل کریں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر شہریار ریاض نے کہا کہ این اے 60 سے راشد شفیق اور تحریک انصاف کی جیت ہو گی ۔ انہوں نے راجہ باسط مسکین کو پی ٹی آئی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا اس موقع پر سید ظفر علی شاہ نے راجہ باسط مسکین ، نوید کیانی ، ملک ادریس کو پی ٹی آئی کا رومال پہنایااور کہا کہ ان کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے سے علاقے میں اُسی طرح فلاحی کام ہوں گے جس طرح پہلے باسط مسکین کیا کرتے تھے ۔ تقریب سے ایم پی اے چوہدری عدنان ، ساجد قریشی ، راجہ ناصر، شاہد یعقوب بھولا، نوید کیانی ،راجہ باسط مسکین نے بھی خطاب کیا۔امیدوار این اے 60شیخ راشد شفیق نے کہا کہ علاقے میں کالج بھی بنائیں گے ۔ پانی کا مسئلہ ترجیح بنیادوں پر حل کرائیں گے ۔ گنگال ، ائیر پورٹ سوسائٹی سمیت ملحقہ علاقوں میں پانی اور گیس کے مسائل کو حل کرینگے ۔ انہوں نےکہا کہ آج کل بھارت کے آرمی چیف کو جو ڈینگی بخار چڑھا ہوا ہے ہماری پاک فوج ان کابخار اتار دےگی ۔عوام پاک فوج کے ساتھ ہے ۔ پاکستان کے لئے ہماری جان بھی حاضر ہے ۔