ہم نے امیروں پر ٹیکس لگا کرعوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے:زین قریشی

September 24, 2018

ملتان(سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ ہر حکومت اپنے دور حکومت میں 5 بجٹ پیش کرتی ہے۔ لیکن سابقہ حکومت نے اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود 6بجٹ پیش کئے ۔ ہم نے کوئی نیا بجٹ پیش نہیں کیا۔ بلکہ سابقہ بجٹ میں تھوڑی سی ترمیم کی۔ امیر لوگوں پر ٹیکس لگا کر غریب عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی میرج ہال میں اپنی طرف سے این اے 157 کی نمائندہ شخصیات کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک۔ رکن صوبائی اسمبلی ملک مظہر عباس راں نے خطاب کیا۔ استقبالیہ میں رانا عبدالجبار ۔ خالد جاوید وڑائچ ۔ مظہر عباس گردیزی ۔ دلبر خان مہار ۔ دلیر خان مہار۔ فضل حسین ارائیں۔ حامد جنجوعہ ۔ ملک واصف راں۔عمر خان بابر ۔ چودھری فقیر گل ِسمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔