نیوکراچی میں بچے کا اغوا ، مظاہرین پر پولیس کا لاٹھی چارج،ہوائی فائرنگ

September 26, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیوکراچی سیکٹر فائیو ای اکبر آباد میں واقع امام بارگاہ کے قریب لگے جھولے کے پاس سے موٹر سائیکل سوار دو ملزمان چھ سالہ بچے عذیفہ ولد علیم کو اغواءکرکے لے گئے ، اہل خانہ اور اہل محلہ نے بچے کے اغواءکے ےخلاف مین سڑک کو بلاک کرکے ٹائر جلائے جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، ایس ایچ او بلال کالونی ملک افضل بیگ کا کہنا تھا کہ اغواءہونے والے بچے عذیفہ کی بازیابی کیلئے پولیس کوششیں کررہی ہے اور جلد ہی اس کو بازیاب کروالیا جائیگا ،آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے نیوکراچی سے بچے کے اغواءکے واقعہ پر ایس ایس پی وسطی سے تفصیلی انکوائری اور پولیس اقدامات پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے،مظاہرین کا کہنا ہے کہ بچے کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے ،مظاہرین نے دکانوں میں توڑ پھوڑ کی ہوٹل والوں پر تشدد کیا اور ایک ملازم پر کھولتا ہوا تیل پھینک دیا جس سے ملازم کا نچلا حصہ جھلس گیا ،نامعلوم افرادنے کہا کہ ہوٹل بند کرو، آدھے گھنٹے بعد پھر آئیں گے، اگر ہوٹل اور دکانیں بند نہ کیں توخود بند کرائیں گے، علاقہ میدان جنگ بن گیا تھا ،علاقے کی بجلی جاتے ہی نامعلوم افراد باہر نکل آئے اور اندھیرے میں لوگوں کوہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ، سڑک پر دوبارہ ٹائر جلائے 4گھنٹے بعد پولیس آئی تو مظاہرین نے پتھراؤکر کے پولیس کو موبائل سمیت بھاگنے پر مجبور کردیا ، تاہم پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی ، مظاہرین نے رینجرز کے حق میں نعرے لگائے ،پو لیس نے مظاہرین پر شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی ، دریں اثنانیو کراچی میں بچے کے غوا کا مقدمہ نمبر 247/18زیر دفعہ364/341مغوی حذیفہ کے والد علیم کی مدعیت میں 2نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے، ایس پی نیو کراچی شبیر بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 سے 5 افراد کو حراست میں لیا ہے، ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا جائے گا، لاپتہ بچے کی تلاش جاری ہے، بچے کے والدین سے مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے تاہم کچھ شر پسند عناصر کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا ۔