سمندر سے گیس کی درآمد، پاک روس ایم او یو پر آج دستخط ہونگے

September 26, 2018

روس سے سمندر کے راستے گیس درآمد کرنے کے بڑے منصوبے کے سلسلے میں پاکستان اور روس آج ماسکو میں 10 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے آف شور گیس پائپ لائن منصوبے کے ایم او یو پر دستخط کریں گے۔

منصوبے کی تکمیل سے پاکستان روس سے یومیہ 50 کروڑ سے ایک ارب مکعب فٹ تک گیس درآمد کر سکے گا۔

پیٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق روس سے گیس درآمد کرنے کے لیے آف شور گیس پائپ لائن کی تعمیر کے ایم او یو پر دستخط کے لیے پاکستانی وفد ماسکو پہنچ چکا ہے۔

آج ایم او یو پر دستخط کے بعد جمعرات کو روسی سرکاری کمپنی گیز پرام اور پاکستانی سرکاری کمپنی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے درمیان بھی ابتدائی معاہدے پر دستخط ہوں گے جس کے بعد منصوبے کی فزیبلیٹی رپورٹ کی تیاری شروع ہو جائے گی۔

ذرائع کے مطابق منصوبے کے تمام اخراجات روسی کمپنی گیز پرام اٹھائے گی اور بلٹ، اون آپریٹ اینڈ ٹرانسفر کی بنیاد پر منصوبہ تعمیر کرے گی، اس منصوبے کی تعمیر پر تین سے چار سال لگیں گے۔