ضلع وسطی، پولیس کے 2062 چھاپے، 3557 ملزمان گرفتار،800 ہتھیار برآمد

September 29, 2018

کراچی کی ضلع وسطی پولیس نے تین ماہ میں 2062 چھاپوں اور کارروائیوں کے دوران 3557 ملزمان کو گرفتار کرکے مختلف قسم کے 800 ہتھیار برآمد کیے ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ نے رواں سال 22 جون کو دوسری بار عہدے کا چارج لیا تھا۔ وہ گزشتہ برس بھی ایس ایس پی سینٹرل رہے تاہم محکمانہ ترقی کیلئے کورس پر جانے کی وجہ سے انہوں نے چھوڑ دیا تھا۔

عرفان بلوچ نے "جنگ" کو بتایا کہ کراچی کے ضلع وسطی میں جرائم اور انہیں روکنے کی حکمت عملی دوسرے علاقوں سے مختلف ہے۔

گزشتہ تین ماہ کے دوران ضلع وسطی کے تئیس تھانوں کی پولیس نے اسٹریٹ کریمنلز، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں کیں اور 90 دن میں مختلف جرائم میں ملوث 33 گروہوں کا خاتمہ کیا گیاہے۔

تین ماہ کے عرصے میں ضلع وسطی کے مختلف تھانوں کی حدود سے 800 ہتھیار برآمد کیے گئے۔ اس عرصے میں سب سے زیادہ 223 گرفتاریاں رضویہ سوسائٹی پولیس نے کیں۔

شاہراہ نور جہاں پولیس نے 217 جبکہ لیاقت آباد پولیس نے 195 ملزمان کو گرفتار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تیموریہ، نارتھ ناظم آباد، پاپوش نگر اور خواجہ اجمیر نگری پولیس مقابلوں میں چارملزمان ہوئے۔

کاروائیوں کے دوران 171 مفرور اور اشتہاری ملزمان جبکہ 42 اسٹریٹ کرمنلز بھی پکڑے گئے۔ پولیس مقابلوں میں 21 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ قتل کی وارداتوں کے 18 جوئے کے 88 اور موٹر سائیکل چوری 36 ملزمان بھی گرفتار کیے گئے۔

اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی کی گئی ہے۔ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ اب انہیں حکمت عملی کے تحت وہ پاکستان رینجرز کے تعاون سے اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کے حوالے سے بدنام علاقوں میں مشترکہ چیکنگ اور گشت شروع کر رہے ہیں۔