ڈاکٹر منان وانی کی شہادت سے حوصلے پست نہیں ہوں گے، میاں طیب

October 16, 2018

بارسلونا(پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے نائب صدر میاں محمد طیب نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوان اپنا مستقبل اور کیریئر تحریک آزادی کے لیے قربان کر رہے ہیں برہان وانی کے بعد ڈاکٹر منان وانی نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بھارت کو یہ پیغام دیا ہے کہ سات لاکھ بھارتی درندہ صفت فوج ظلم اور دہشت گردی سے کشمیریوں کے عزم اور حوصلوں کو پست نہیں کر سکتی، کشمیر کا بچہ بچہ بھارت سے نفرت کرتا ہے، تحریک آزادی کے گذشتہ تیس سال میں کشمیریوں نے خون خرابے، لٹتی ہوئی عصمتوں اور بھارت کے قتل عام کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ سپین کے دوران تحریک کشمیر یورپ سپین کے صدر خالد رشید بیگ اور دیگر ذمہ داران کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ دنیا نے مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل پر توجہ نہ دی تو نتائج کی ذمہ مداری اقوام متحدہ پر ہوگی، عالمی امن اور انسانیت کے عَلم برداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ وہ بھارت جیسے ملک کے ناپاک عزائم کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کریں اور مسئلہ کشمیر کے دیرپا اور مستقل حل کے لیے عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کرایا جائے، تحریک کشمیر سپین کے صدر خالد رشید بیگ نے انہیں سپین میں تحریک کی سرگرمیوں سے آگا کیا اور کہا کہ27اکتوبر کو یوم سیاہ منایا جائے گا۔ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا اور بھارت کے ظلم اور بربریت کو بے نقاب کیا جائے گا۔ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے منان وانی کی شہادت نے بھارت کے ایوانوں اور حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں اب بھارت کے لیے نوشتہ دیوار ہے کہ وہ کشمیر سے نکل جائے۔