حکومت کی کارکردگی زیرو نہیں مائنس ہے، ضمنی انتخابات میں عوام نے اڑاکررکھ دیا، خورشیدشاہ

October 16, 2018

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی کارکردگی زیرو نہیں مائنس ہے ، ضمنی انتخابات میں عوام نے تحریک انصاف کو اُڑا کر رکھ دیا، معیشت سیاسی نہیں ملکی مسئلہ ہے ، ہم نے عمران خان کو آفر کی معیشت پر بیٹھ کر اجلاس کیا جائے ہم بات کرنےکو تیار تھے کہ اچانک اپوزیشن لیڈر کو گرفتارکرلیا گیا جس سے خوف پھیلا ، سندھ میں ریٹائرڈ جج کو واٹر کمیشن کا چیئرمین بنادیا ہے، حکومت تنخواہ، گاڑی بھی دیتی ہے مگر کارکردگی اچھی نظر نہیں آتی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےخورشید شاہ نے کہا کہ اچانک ڈالر کا اتنا بڑھ جانا سمجھ سے بالا تر ہے، اس کے پیچھے کوئی نہ کوئی بات ضرور ہے، اور وہ چھپے گی نہیں ، حکومت بیرون ممالک سے 10ارب ڈالر ملنے کا کہتی تھی، 8ارب ادھر سے ملیں گے، 2ارب ادھر سے ملیں گے، اس طرح 25ارب کا ذہن بنایا گیا مگر عملی طور پر کچھ نہیں تھا ، آشیانہ اسکیم میں شہباز شریف کو پکڑا گیا وہ صحیح ہے یا غلط مگر اب حکومت لوگوں کو گھر بناکر دینے کے نام پر اس سے بڑی تباہی کرنے جارہی ہے۔