ایف آئی اے نیب سمیت کوئی ادارہ تاجروں کو ہراساں نہیں کرے گا، وزیراعظم عمران خان

October 17, 2018

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ نیب اور ایف آئی اے سمیت کوئی ادارہ انہیں بلاجوازہراساں نہیں کریگا۔ وزیراعظم عمران خان سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی)کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے ٹیکس گوشواروں میں ڈکلیئر شدہ غیر ملکی اثاثوں کے بارے میں بھی نوٹس دے رہا ہے جبکہ نیب اور دیگر اداروں کی جانب سے بھی تاجروں،صنعت کاروں اور کاروباری حضرات کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے وفد کی شکایات سننے کے بعد انہیں یقین دہانی کرائی کہ نیب اور ایف آئی اے سمیت کوئی ادارہ تاجروں و صنعتکاروں کو بلاجواز ہراساں نہیں کرے گا جبکہ ڈکلیئر کردہ غیر ملکی اثاثہ جات رکھنے والے پاکستانیوں کو ایف آئی اے تنگ نہیں کرے گا۔ دریں اثناپشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ، وزیر اعظم کو ہائیر اکنامک زون اور پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو تفصیلی آگاہ کیا گیا کہ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے جہاں جدید ٹیکنالوجی پاکستان انڈسٹری میں آئی وہیں روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئے۔ پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل تھری میں چین کے دو کرکٹرز پشاور زلمی کے ساتھ رہے۔مستقبل میں بھی پشاور زلمی چین میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پوری مدد فراہم کرے گی۔اس سلسلے میں پشاور زلمی چین کی حکومت اور کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر کام ایم او یو پر بھی کام کیا جائیگا۔