پاکستان ہاکی لیگ کیلئے فیڈریشن کی کاوشیں اعلانات تک محدود

October 18, 2018

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) گذشتہ تین برس سے قوم کو صرف خوش خبری سنانے والی پاکستان ہاکی فیڈریشن تمام تر کوششوں کے باوجود سپر ہاکی لیگ کرانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ پی ایچ ایف 2015سے وقتاً فوقتاً لیگ کرانے کا اعلان کرتی رہتی ہے، اس برس بھی بیان داغا جاچکا ہے میگا ایونٹ رواں سال ہوگا جس کے میچز کراچی، لاہور، فیصل آباد اور پنڈی میں ہونگے۔ فیڈریشن نے اس مقصد کیلئے بعض سابق ہاکی اولمپئینز اور اپنے ایک عہدے دار کو غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے کا ٹاسک بھی دیا مگر تمام کوششوں کے باوجود تاحال صورت حال جوں کی توں ہے، پی ایچ ایف نے لیگ میں دلچسپی کا اظہار کرنے والے چند بعض غیرملکی کھلاڑیوں کے نام بھی جاری کئے تھے، فیڈریشن کی قائم کردہ مارکیٹنگ کمیٹی بھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ شائقین کے مطابق فیڈریشن نے اس ضمن میں کسی مرحلے پر سنجیدگی نہیں دکھائی۔