جاپان کی طرف سے بلوچستان کیلئے صاف پانی کا تحفہ

October 18, 2018

جاپان کی جانب سے بلوچستان کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے کنویں کھودنے کے مزید دو جدید ترین یونٹس فراہم کر دیئے گئے ہیں۔

یہ مشینری قونصل جنرل جاپان توشی کازو ایسو مورا نے حب میں ایک تقریب کے دوران محکمہ آبپاشی کے سیکریٹری سلیم اعوان کے حوالے کی۔ ٹریلرز پر نصب کرکے فراہم کی گئی ان 2 ویل ڈرلنگ رگز کی مالیت 21 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد ہے جو باآسانی ادھر اُدھر لے جائے جاسکتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان قونصل نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کی کمی کی وجہ سے حکومت بلوچستان کو کئی چیلنجز اور عوام کو مشکلات درپیش ہیں۔

صوبے کے پسماندہ علاقوں میں صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے شہریوں کی صحت پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں، قونصل جنرل جاپان توشی کازو ایسو مورا نے کہا کہ جاپانی ایجنسی’جائیکا‘ کے تعاون سے فراہم کی گئی یہ مشینری بلوچستان میں غیرفعال کنووں کی بحالی کے ساتھ ساتھ نئے کو کنویں کھودنے میں استعمال ہوگی۔

قونصل جنرل جاپان توشی کازو ایسو مورا نے کہا کہ کنویں کھودنے کی یہ مشینری دور حاضر کی جدید ترین جاپانی ٹیکنالوجی ہے، انہوں نے بتایا کہ جاپان کی جانب سے پاکستان کو 12 منصوبوں کیلئے کنویں کھودنے کے 60 یونٹ فراہم کئے جاچکے ہیں۔

1980 کی دہائی سے اب تک بلوچستان کو 22 ڈرلنگ رگز فراہم کی جاچکی ہیں جبکہ یہ تعاون جاری رہے گا۔

تقریب سے جاپان کے اعزازی قونصل جنرل کوئٹہ ندیم شاہ، صدر پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی فیروز شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔