بریگزٹ پر نئے ریفرنڈم کا آپشن اب بھی موجود ہے، ایملی تھورن بری

November 12, 2018

لندن( پی اے ) لیبر پارٹی کے فرنٹ بینچر ایملی تھورن بری نے گزشتہ روز بی بی سی سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ اگر ارکان پارلیمنٹ نے بریگزٹ پر ڈیل مسترد کردی تونئے ریفرنڈم سمیت تمام آپشنز اب بھی کھلے ہیں، جب ان کوبتایا گیا کہ لیبر پارٹی کے قائد جیرمی کوربن نے ایک جرمن اخبار میں کہاتھا کہ بریگزٹ کوروکا نہیں جاسکتا اور لیبر عام انتخاب کو ترجیح دے گی، انھوں نے کہا کہ لیکن اگر ایسا ممکن نہ ہواتو پارٹی عوامی ووٹ کیلئے مہم چلاسکتی ہے ،ٹوری پارٹی کے کیبنٹ منسٹر ڈامیان ہنڈز نے کہاہے کہ ارکان پارلیمنٹ کو ڈیل مسترد کئے جانے کی صورت میںمتبادلات پر بھی غور کرنا چاہئے۔حکومت نے اگلے مارچ میں یورپی یونین سے علیحدہ ہونے سے قبل ابھی تک یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے سے ڈیل پر اتفاق نہیں کیا ہے۔ جبکہ برطانوی حکومت کاکہناہے کہ 95 فیصد پر اتفاق ہوچکاہے، تاہم وہ شمالی آئر لینڈ اورجمہوریہ آئر لینڈ کے درمیان سرحد پر چیکنگ کاسلسلہ دوبارہ شروع نہ کرنے کے حوالے سے معاہدہ نہیں کرسکے ہیں،گزشتہ جمعہ کو یورپی یونین کی رکنیت برقرار رکھنے کی حمایت کرنے والے ٹوری وزیر ٹرانسپورٹ جو جانسن یہ کہتے ہوئے وزارت چھوڑ دی تھی کہ وہ اس ڈیل کی حمایت نہیں کرسکتے اور انھوں نے نئے ریفرنڈم کا بھی مطالبہ کیا۔