امریکی ریاست ٹیکساس میں19سیاہ فام خواتین جج مقرر

November 12, 2018

واشنگٹن(این این آئی)امریکا کی ریاست ٹیکساس میں ایک ساتھ 19 سیاہ فام خاتون ججز کی تقرری کو تاریخ ساز دن تصور کیا جارہا ہے۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کے تمام 59 جوڈیشل امیدوار ہیرس کاؤنٹی میں کامیاب ہوئے، جن میں 19 سیاہ فام خواتین بھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ سیاہ فام خواتین نے وسط مدتی انتخابات کے لیے اگست میں بلیک گرل میجک کے نام سے اپنی مہم کا آغاز کیا تھا اور کمرہ عدالت میں ایک یادگاری تصویر بھی بنوائی تھی۔ہوسٹن کی ہیرس کاؤنٹی میں سیاہ فام خواتین کی اتنی بڑی تعداد کو جج کا عہدہ ملنے پر سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی اور 19 سیاہ فام ججز کی تصویر ہوسٹن 19 کے نام سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ ہیرس کاؤنٹی امریکا کے دیگر 24 ریاستوں کے مقابلے میں سب سے بڑی ہے جہاں 45 لاکھ شہری آباد ہیں جس میں سے70 فیصد سیاہ فام ہیں۔نومنتخب سیاہ فام خاتون جج نے کہا کہ انصاف کے لیے یکساں مواقع نسل اور ذات سے بالاتر ہونا چاہیے، میرا خیال ہے کہ افریقین امریکی جج، خاتون جج اور عورت جج اب بینچ کا حصہ ہوں گی۔کرمنل کورٹ کے لیے نومنتخب سیاہ فام خاتون جج اریک ہیوگس نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ ہم یقیناً ہیرس کاؤنٹی کے کرمنل انصاف میں غیر معمولی اصلاحات لے کر آئیں گے۔