’’شدید دھند سے بجلی کی ٹرپنگ ہوئی‘‘

November 12, 2018

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے سبب سدرن ریجن میں ٹرپنگ شروع ہوئی، سدرن ریجن میں کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے سپلائی کی جاتی ہے۔

ترجمان این ٹی ڈی سی کا مزید کہنا ہے کہ این پی سی سی نے کے الیکٹرک کو اپنا سسٹم سنبھالنے کے لیے الرٹ کر دیا ہے، 6.24 پر 500 کے وی پورٹ، این کے آئی ٹرانسمیشن لائن بھی ٹرپ ہوگئی۔

ترجمان این ٹی ڈی سی نے بتایا ہے کہ این کے آئی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونےسے220 کے وی کے جامشورو ٹرانسمیشن کے سرکٹ ٹرپ کر گئے۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق کےالیکٹرک کاسسٹم بھی ٹرپ کرگیا اوربجلی کی سپلائی کے مسائل پیش آئے ہیں، این ٹی ڈی سی کا باقی سسٹم پورے پاکستان میں بحال ہے۔

ترجمان این ٹی ڈی سی نے یہ بھی کہا ہے کہ شدید دھند میں این ٹی ڈی سی کی ٹیمیں فالٹ دور کرنے کے لیے مصروف عمل ہیں۔

واضح رہے کہ علی الصبح کراچی کے 80فیصد علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے جو کئی علاقوں میں اب تک جاری ہے۔

کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹرپنگ کےباعث کراچی میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، نیشنل گرڈ سے 500 میگا واٹ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوئی ہے۔