سی ٹی ڈی پولیس نےلاپتہ صحافی نصر اللہ کو عدالت میں پیش کردیا

November 13, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز)سی ٹی ڈی پولیس نے مبینہ طور چار روز سے لاپتہ صحافی نصر اللہ چوہدری کو پیر کے روز عدالت میں پیش کردیا، جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے ممنوعہ لٹریچر رکھنے کے الزام میں گرفتار ہونیوالے صحافی نصراللہ خان کو دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ اسٹاف رپورٹر کے مطابق پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے روبرو 4 روز سے لاپتہ صحافی نصراللہ چوہدری کو سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے پیش کیا گیاہے۔تفتیشی افسرنے دو ہفتوں کے لیے صحافی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تو منتظم جج نے تفتیشی افسرکی سخت سرزنش کرتےہوئے کہاکہ ایک مہذب پیشے سے وابستہ صحافی کا طویل مدتی ریمانڈ کیوں درکا رہے۔علاوہ ازیں محکمہ داخلہ سندھ نے صحافی نصر اللہ چوہدری سے تفتیش کے لیے جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے،جے آئی ٹی کی سربراہی ایس ایس پی سی ٹی ڈی کریں گے جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں اسپیشل برانچ، پاکستان رینجرز اور حساس اداروں کے افسران شامل ہونگے ۔ سی ٹی ڈی نے اعلامیہ میں کہا کہ ملزم نصر اللہ چوہدری کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے اشتعال انگیز مواد جس میں افواج پاکستان، حکومت پاکستان اور مذہبی منافرت پر اکسانے کا مواد برآمد ہواہے ۔