زہریلا کھانا کھانے سے بچوں کی ہلاکت، سندھ اسمبلی میںحکومت پر سخت تنقید، اپوزیشن کا ہنگامہ

November 15, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ،توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرنے کی اجازت نہ دینے پر اپوزیشن کاہنگامہ ، حزب اختلاف کے ارکان نے اسپیکر کی نشست کے سامنے جمع ہوکر احتجاج اور شور شرابہ کیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ وہ ایوان کو قواعد کے تحت چلائیں گی، اسپیکر آغا سراج درانی نے بھی اپنی رولنگ کے ذریعے اپوزیشن کو بولنے کی اجازت نہیں دی،کارروائی کے دوران کراچی میں زہریلا کھانا کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت کے معاملے پربھی ایوان میں خاصی لے دے ہوئی اور سندھ حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔جی ڈی اے کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے اپنے ایک توجہ دلاؤ نوٹس پر کہا کہ فوڈ اتھارٹی اب جاگی جب دو معصوم جانیں ضائع ہوگئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی غیر فعالیت اور اتھارٹی کا اسٹاف نہ ہونے سے معاملے کا ایوان نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں لیبارٹریوں کا حال بہت خراب ہے ۔