میں نے زندگی کے کئی مواقع پر یوٹرن لیا ہے، صدر مملکت

November 18, 2018

لاہور،کراچی(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہےکہ زندگی میں کئی بار یوٹرن لیا، ʼحالات کی مناسبت سے فیصلے کیے جاتے ہیں، دوسری جانب گورنر سندھ نےکہا کہ یوٹرن لئے بغیر بڑے فیصلے نہیں ہوسکتے، عمران خان کی یوٹرن سے متعلق بات درست ہے،مرتضیٰ وہاب میری انگریزی کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑگئے ہیں، وہ اپنے کام سے کام رکھیں۔تفصیلات کےمطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی وزیراعظم کے بیان کے دفاع میں سامنے آگئے ہیں،لاہور میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ مقامی شاپنگ مال آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں صدر مملکت نے اپنی زندگی میں یوٹرن لینے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ʼمیں نے زندگی کے کئی مواقع پر یو ٹرن لیا ہے، ʼحالات کی مناسبت سے فیصلے کیے جاتے ہیں،شاپنگ مال میں صدر مملکت اور ان کی اہلیہ نے کافی پی اور لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں، اس موقع پر صدر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ میں کسی سیاسی سوال کا جواب نہیں دوں گی۔دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی وزیراعظم کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی یوٹرن سے متعلق بات درست ہے، جب تک کوئی لیڈر یوٹرن نہیں لیتا بڑے فیصلے نہیں کرسکتا،اس موقع پر عمران اسماعیل نے سندھ حکومت کے مشیر مرتضیٰ وہاب کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مرتضیٰ وہاب میری انگریزی کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑگئے ہیں، انہیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے۔