چار روزہ عالمی اردو کانفرنس آرٹس کونسل میں کل شروع ہو گی

November 21, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر سید محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ عالمی اردو کانفرنس اس شہر کی تہذیبی شناخت بن گئی ہے، ہمارے اس اقدام کو پوری اردو دنیا میں سراہا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اعزازی سیکریٹری پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، حسینہ معین اور طلعت حسین بھی موجود تھے۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ چار روزہ عالمی اردو کانفرنس کی افتتاحی تقریب جمعرات 22 نومبر کو ہوگی۔ کانفرنس 25 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس سال ’’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘‘ معروف دانشور اور صداکار ضیاء محی الدین کی خدمت میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افتتاحی اجلاس کے بعد پچھلی دس عالمی اردو کافرنسوں کے مختصر احوال پر مشتمل دستاویزی فلم ’’روداد سفر‘‘ دکھائی جائے گی۔ اس موقع پر نویں اور دسویں عالمی اردو کانفرنس کی روداد پر مشتمل کتاب کی رونمائی بھی ہوگی۔ حمد و نعت، بچوں کا ادب، شاعری، اردو فکشن، کتابوں کی رونمائیاں، پاکستانی زبانیں، چین سے ہمارے معاشی و ثقافتی رشتے، صحافت، تعلیم، فلم، تھیٹر، تراجم، یادرفتگاں، اردو کے چار بڑے نظم گو، رضیہ سجاد ظہیر کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوں گے جبکہ محفل مشاعرہ، محفل موسیقی اور محفل رقص بھی اس کانفرنس میں شامل ہیں۔