’پہلی بار شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے‘

December 07, 2018

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں شدت پسند گروہوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے، انتہا پسند گروپوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی اور نجی ملیشیاز کے خلاف کارروائی بھی ترجیحات میں شامل ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی، جس میں پاکستانی نژاد ممبران پارلیمنٹ اور ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ایوب بھی شریک تھے۔

اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک لبیک کے رہنماؤں پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات قائم کئےگئے ہیں اور ملکی امور پر فوج اور سویلین قیادت ایک پیج پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ہر سال 30 بلین ڈالر کی ضرورت ہے، معیشت بہتر کرنے کے لیے حوالہ اور ہُنڈی کا سدباب کرنے پر بھی کام شروع کردیا ہے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں 200 نئی ٹیکسٹائل ملز بنیں گی جن میں ہزاروں لوگوں کو روزگار ملے گا۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بھارتی صحافیوں کے لئے ویزا میں نرمی کی جارہی ہے جبکہ مغربی ممالک کے ساتھ ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں مل کر کام کر رہے ہیں۔