ابوظبی ٹیسٹ،پاکستان کے نشانے خطا،کیویز کی آزادانہ اڑان،198رنز کی برتری

December 07, 2018

ابوظبی (جنگ نیوز) یاسر شاہ کے تیز ترین 200 وکٹوں کے عالمی ریکارڈ کے باوجود نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کرلی ہے۔ پاکستانی بولرز کے نشانے خطا ہوگئے پورے دن میں دو وکٹ گرے۔ کیویز کی آزادانہ اڑان نہ روکی جاسکی۔ کپتان کین ولیم سن اور مڈل آرڈر بیٹسمین ہنری نکولس نے پاکستانی بولنگ کو بے اثر بنا دیا۔ پاکستانی بولر تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن 80اوورز سر توڑ کوشش کرتے رہے لیکن وہ پانچویں وکٹ پر 212 رنز کی ریکارڈ شراکت کو توڑنے میں ناکام رہے۔ پاکستان نے ان دونوں کو آؤٹ کرنے کے متعدد مواقع ضائع کیے۔ سرفراز احمد کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا خواب بھی چکنا چور ہوسکتا ہے۔ پاکستان نے لنچ سے قبل60رنز پر چار وکٹ حاصل کر لئے تھے۔ لیکن اس کے بعد کوئی کامیابی نہیں ملی۔ چوتھے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں چار وکٹ پر272رنز بناکر 198رنز کی بڑی برتری حاصل کرلی ہے۔ اب میچ میں وقت بھی بہت اہم کردار ادا کرے گا۔ کین ولیم سن 13چوکوں کی مدد سے139رنز پر نا قابل شکست ہیں۔ 28 سالہ کین نے68ویں ٹیسٹ میں 19 ویں سنچری اسکور کی۔ کین ولیم سن چار سال پہلے شارجہ ٹیسٹ میں 192 رنز بناچکے ہیں۔ ان کے دو کیچ یاسر شاہ نے ڈراپ کئے۔ ہنری نکلس کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ قرار دے دیا لیکن ریویو پر وہ ناٹ آئوٹ قرار دیئے گئے اس سے قبل جب وہ ایل بی ڈبلیو تھے پاکستانی ٹیم نے ریویو لینے سے گریز کیا۔ نکولس 8 چوکوں کی مدد سے90رنز پر کھیل رہے ہیں۔ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہے اگر ٹیسٹ برابر بھی ہو گئی تو نیوزی لینڈکی بڑی کامیابی ہوگی۔ جمعرات کو نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا 26 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ آغاز کیا۔ دن کے چھٹے اوور میں نائٹ واچ مین سومرویل چار رنز بنا کر یاسر شاہ کا 200 واں شکار بنے ۔ راس ٹیلر نے جارحانہ انداز اختیار کیا لیکن وہ 14 گیندوں پر 22 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی دوسری وکٹ بن گئے۔ اس کے بعد کپتان ولیمسن اور نکولس نے پاکستان کے تمام تر حربوں کو ناکام بنا دیا۔ یاسر شاہ اور شاہین آفریدی نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ حسن علی نے گروئن انجری کے باوجود اچھی بولنگ کی۔ انہوں نے13اوورز میں37رنز دیئے۔