غیر اعلانیہ گیس لوڈ شیڈنگ ، عوام کی زندگی اجیرن، احتجاج کا عندیہ

December 10, 2018

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)ضلع کونسل کی مختلف یونین کونسلوں اورکینٹ کے بعض علاقوں میں بدترین غیر اعلانیہ گیس لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی۔ کمال آباد،احمد آباد ،ڈھیری ٹاہلی موہری، تلسہ چوک ،اڈیالہ روڈ ،ڈھوک جمعہ،مبارک لین سمیت کینٹ کے بیشتر علاقوں اور یونین کونسل لکھن، یونین کونسل موہری غزن، یونین کونسل چک جلال دین، یونین کونسل دھمیال کے علاقوں میں سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے رہائشی لکڑیاں جلانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ گیس لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا جائے اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے وگرنہ عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گی۔