کپل شرما اور گینی چھاتراتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے

December 13, 2018

بھارت کے مقبول ترین کامیڈین کپل شرما اور اُن کی پرانی دوست گینی چھاتراتھ گزشتہ روز شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق بالی ووڈ میں شادیوں کا سیزن پورے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے، پہلے اداکارہ سونم کپور اور آنند آہوجا، نیہا دھوپیا اور انگت بندی پھر اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے بعد پریانکا اور نک جونس اور اب نامور کامیڈین کپل شرما بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔

کپل شرما کی شادی کے چرچے گزشتہ کئی روزسے میڈیا پرجاری تھے اور ان کے چاہنے والے بے صبری سے اپنے پسندیدہ اسٹار کی شادی کی تصاویر دیکھنے کے لیے بے چین تھے۔ گزشتہ روز یہ انتظار ختم ہوا اورکپل شرمانے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے اپنے چاہنے والوں کوبھی اپنی شادی کی خوشی میں شریک کیا۔


تصویرمیں کپل اورگینی کی جوڑی نہایت خوبصورت لگ رہی ہے، تصویرشیئر کرتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اورنئی شادی شدہ جوڑے کے لیےان کے چاہنے والوں کی طرف سے مبارکباد کے پیغامات کے ساتھ دونوں کی آنے والی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کچھ روز قبل کپل شرما نے سوشل میڈیا پر اپنے شادی کے دعوت نامے کی تصویر شیئر کی تھی جس کی خوب دھوم مچی کیونکہ انہوں نے دعوت نامے کے ساتھ ہی لذیذ اور رنگ برنگی میٹھائیاں بھی تقسیم کی تھیں۔