ایم ڈی واٹر بورڈ کا پانی کے غیر قانونی کنکشن کیخلاف کارروائی نہ کرنے کا اعتراف

December 15, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیرہانی مسلم کے روبرو ایم ڈی واٹربورڈ نے اعتراف کیا ہےکہ پانی کی لائنوں پر غیر قانونی کنکشن کرنےوالوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، کمیشن نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ضلعی چیئرمین اورسی ایم او کو حکم دیاہےکہ باہمی مشاورت کرکے مشترکہ طورپرمکمل منصوبہ تیارکریں رپورٹ پیش کریں۔شہرمیں پانی کی فراہمی کے لیے ادارے مل کرکام کریں ۔کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیرہانی مسلم نے ریمارکس میں کہاکہ واٹربورڈ چاہتا ہی نہیں ہےکہ پانی کی نگرانی ہوکیونکہ انہیں ڈر ہےکہ ان کےاپنے افسران کے کھانچے مارے جائیں گے۔‎15 روز میں کچرا اٹھانے کے معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو چینی ٹھیکدار کو گھر بھیج دیں گے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کمیشن نےپانی کی نگرانی کےلیے میٹرز کی تنصیب سے متعلق کارروائی کا آغاز کیا تو ایم ڈی واٹر بورڈ نے اپنی عمل درآمدرپورٹ پیش کی جس پر کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے شوکاز نوٹس جاری کیا کہ آپ میٹر کی تنصیب نہیں کر رہے اور آپ ہمیں عملدرآمد رپورٹ پیش کر رہے ہیں؟کیا عمل درآمد کیا ہے آپ نے کیا میٹر کی تنصیب ہوگئی؟ ایم ڈی نے جواب میںکہاکہ نہیں پانی کے میٹرز کی تنصیب نہیں ہوئی جس پر کمیشن نے ریمارکس میںکہا کہ جب عملدرآمد نہیں ہوا تو کس چیز کی رپورٹ مجھے پیش کر رہے ہیں آپ؟ اپنی رپورٹ اپنے پاس رکھیں، مجھے دس روز میں جواب دیں کہ میٹر کی تنصیب کیوں نہیں ہوئی ۔