بھارتی آرمی چیف کے مضحکہ خیز بیان پرخواتین ناراض

December 16, 2018

فوج میں خواتین کو جنگی محاذوں پر تعینات کرنے کے حوالے سے بھارتی آرمی چیف کی نئی منطق سامنے آگئی۔

بپن راوت کا کہنا ہے خاتون فوجی اہلکاروں کو بچوں کو پالنا ہوتا ہے، محاذوں پر تعیناتی کی صورت میں وہ ساتھی اہلکاروں پر چھیڑ چھاڑ کا الزام بھی لگائیں گی۔

اس مضحکہ خیز بیان پر بھارتی آرمی چیف کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ خواتین کافی ناراض ہیں۔

بھارتی چینل کو انٹرویو میں بھارتی آرمی چیف بپن راوت کا کہنا تھا کہ خواتین ابھی سرحد پر جنگ کے لئے بھیجے جانے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین پر بچوں کی ذمہ داری ہوتی ہے اور وہ فرنٹ لائن میں اپنے آپ کو غیر آرام دہ محسوس کریں گی اور ہمیشہ ساتھی جوانوں پر چھیڑ چھاڑ الزام لگائیں گی۔

بھارتی جنرل نے اس حوالے سے یہ بھی کہا کہ اس کے بیشتر جوان، خاتون افسران کے احکامات کو قبول کرنے میں جھجھک محسوس کر سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھارتی آرمی چیف کی خواتین فوجیوں اور ان کی صلاحیتوں سے متعلق رائے پر کڑی تنقید کی جارہی ہے۔