اربوں کی منی لانڈرنگ ، الزامات منطقی انجام تک پہنچائیں،حسن نثار

December 17, 2018

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری پر کروڑوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کے الزامات اب منطقی انجام تک پہنچنے چاہئیں، ملکی اقتصادیات کی لاش سامنے پڑی ہے، قاتل کون ہے یہ نہ بتاؤ کہ آلہ قتل کیا تھا، قوم کے اعصاب برباد ہورہے ہیں احتسا ب کا عمل تیز تر کیا جائے فواد چوہدری کے بیانات سے تکبر کی بو آتی ہے، کل تک نواز شریف بھی کہتے تھے عمران خان کے ہاتھوں میں وزارت عظمیٰ کی لکیر ہی نہیں ہے، پی ٹی آئی والوں کو برے وقت سے ڈرنا چاہئے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ نوید قمر کے بیان ”قومی اسمبلی کا اجلاس اڈیالہ میں کرنا پڑے گا“پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی جگہ تو اڈیالہ جیل ہی ہونی چاہئے، یہ لوگ اگر جیل جاتے ہیں تو ان کی قید بھی باہر سے بہتر ہے، اپوزیشن پی ٹی آئی کو مدت پوری کرنے کا موقع دے تاکہ یہ بھی آپ کے نقش قدم پر چل کر نام کمائیں اور اگر آپ کو دوبارہ اقتدار مل جائے تو یہی کچھ ان کے ساتھ کریں نجی اسکولوں کو بیس فیصد فیسیں کم کرنے کا حکم بہت اچھا فیصلہ ہے ۔