امریکی الیکشن میں روسی مداخلت، فلن کی سزا موخر

December 19, 2018

امریکی عدالت نے ٹرمپ کے سابق مشیر قومی سلامتی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے امریکا کو بیچ ڈالا، عدالت نے الیکشن میں مبینہ روسی مداخلت کے کیس میں مزید تعاون کے لیے فلن کی سزا موخر کردی۔

روسی مداخلت کی تحقیقات کرنے والے خصوصی کونسل رابرٹ ملر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ مائیکل فلن کو جیل نہ بھیجا جائے کیونکہ انہوں نے تحقیقات میں تعاون کیا ہے، جج نے مائیکل فلن کے کردار کو گھناؤنا قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وائٹ ہاؤس کو بھی گمراہ کیا، نتیجتاً وائٹ ہاؤس نے بھی عوام سے جھوٹ بولا۔

مائیکل فلن نے 2017 میں اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے روسی سفیر سے گفتگو کے بارے میں ایف بی آئی سے جھوٹ بولا۔

وائٹ ہاؤس ترجمان سارا سینڈرز کا کہنا ہے کہ فلن کا ایف بی آئی سے جھوٹ بولنا باعث تشویش ہے، فلن کی سزا موخر کرنا عدالت اور ملزم کا معاملہ ہے۔