”جنون“ ری یونین کنسرٹ قومی جذبے میں مزید جنون بھردےگا

December 23, 2018

کراچی (جنگ نیوز) ملکی تاریخ کے سب سے بڑے میوزک میلے ”سوپر ہے پاکستان کا جنون“ کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوچکا ہے۔ Peek Freans Sooper اور ”جیو“ کے اشتراک سے ایشیا کے سب سے مقبول ”جنون“ بینڈ کا ری یونین کنسرٹ 25 دسمبر کو کراچی کے ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب معین خان اکیڈمی میں منعقد کیا جائے گا ۔ ”جنون“ کی ری یونین کنسرٹ کا پلان کس طرح طے پایا؟۔ یہ راز پاکستان کے باغی روک بینڈ ”جنون“ کے گلوکار علی عظمت، گٹارسٹ سلمان احمد اور ای بی ایم کے ڈائریکٹر شاہ زین منیر نے ”جیونیوز“ کے اسٹوڈیوز میں شریک ہوکر مزیدار باتیں کرتے ہوئے اپنے پرستاروں کو بتادیا۔ شاہ زین منیر نے کہا کہ ”سوپر ہے پاکستان کا جنون“ تھیم کا مقصد پاکستانیت کے جذبے کو اُبھارنا ہے، پاکستان کے سب سے بڑے میوزک ایونٹ کیلئے عوام کی جانب سے بہت زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ ہم ”جیو“ کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے ری یونین کنسرٹ کیلئے اتنی بہترین ہائپ بنا دی ہے۔ ایونٹ کے ٹکٹس تیزی سے فروخت ہورہے ہیں، نشستوں کی گنجائش بہت تھوڑی رہ گئی ہے، ناصرف پاکستان بلکہ بیرون ملک سے بھی لوگوں کی بڑی تعداد اس میوزیکل میلے کا حصہ بنے گی۔ ”جنون“ ری یونین کنسرٹ کیلئے سب بہت زیادہ پُر جوش ہیں۔ گلوکار علی عظمت نے کہا کہ سلمان اور میرے درمیان سفری دوریاں تھیں لیکن کئی برس سے ہم دونوں کے درمیان ”جنون“ کی ری یونین کی باتیں چل رہی تھیں، سوچا نہیں تھا کہ جنون کی ری یونین اس قدر بہترین اور کنسرٹ کے انداز میں ہوگی۔ آزاد میڈیا کے آنے سے پہلے لوگ ہر قسم کی بات کرنے سے ڈرتے تھے، شاید یہی وجہ تھی کہ ہم پر پابندیاں بھی لگیں۔ جب میں سولو گلوکاری کرتا تھا اس وقت بھی کئی کمپنیاں آکر یہی کہتی تھیں کہ ہمارے لئے ”جذبہ جنون“ ٹائپ کا گانا بنا دیں لیکن میں وہ چیز دوبارہ نہیں بنا سکتا تھا۔ اب ہم دوبارہ یکجا ہورہے ہیں تو اچھی چیزیں سامنے آئیں گی۔سلمان احمد نے بتایا کہ میں نے اپنے سفر کا آغاز وائٹل سائن سے مرحوم جنید جمشید کے ساتھ کیا، پہلی البم اُن کے ساتھ ختم کی تو اُسی وقت محسوس کرلیا تھا کہ میری موسیقی اُن کے ساتھ فٹ نہیں بیٹھتی ، علی عظمت میرے ہمسائے تھے ، گھر آنا جانا تھا، جو گانے میں پسند کرتا تھا وہی علی عظمت کو بھی پسند آتے تھے، اس وقت ہم نے ایک ساتھ کام کرنے کا کوئی پلان نہیں بنایا تھا۔ ایک دِن نورانی چہرے والے بزرگ میرے خواب میں آئے اور مجھے جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ تمہیں ”جنون ہے، جنون ہے“ جب میں سو کر اُٹھا تو یہ نام میرے ذہن میں گونج رہا تھا۔ جو گانے میں وائٹل سائن کو پیش کرتا وہ اُنہیں پسند نہیں آتے تھے، وہی گانے جب میں نے علی عظمت کے ساتھ ریکارڈ کئے تو سب کو پسند آئے۔ جن لوگوں نے ہم اور ہمارے بینڈ پر پابندیاں لگائیں وہ آج خود بین ہوگئے ہیں۔ ہماری موسیقی میں مختلف کلرز دیکھے گئے، روک بینڈ، صوفی میوزک اور رومانٹک گیت گائے تو پہلے لوگوں کو سمجھ نہیں آیا اس کے بعد وہی لوگ اُن گانوں پر فدا ہوگئے۔ صوفیانہ کلام ہو یا روک میوزک ہمارے بینڈ میں کئی نسلوں کیلئے پیغام ہوتا ہے، اب جو نئی آمد ہوگی اُسے آگے لے کر چلیں گے ۔ جنون کی ری یونین کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ Peek Freans Sooper کی پوری ٹیم لاہور آئی، اس وقت برسات کا موسم تھا، بجلی کڑک رہی تھی، اسی وقت بیٹھ کر ہم نے یہ ری یونین کا پلان بنایا۔ 2019ءکے ورلڈ کپ کا کچھ کہہ نہیں سکتے لیکن اگلے سال کچھ نیا سامنے لائیں گے۔ اسٹوڈیوز میں موجود تمام شرکاءنے جنون بینڈ کے گیت بھی گنگنائے۔ کراچی میں جنون کے ری یونین کنسرٹ کے حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ جنون کی واپسی میوزک انڈسٹری میں بہت اچھا انقلاب اور بہترین آغاز ہے، ہمیں اپنے ملک کے نامور گلوکاروں کو اسپانسر کرنے کے ساتھ اُن کی آگے بڑھ کر حوصلہ افزائی بھی کرنی چاہئے۔ جنون کی کراچی میں ری یونین خوش آئند ہے، ہمیں یقین ہے کہ عوام کی بہت بڑی تعداد اس کنسرٹ میں شریک ہوکر اپنے پسندیدہ گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ”جنون“ کی واپسی سے ہمیں بہت زیادہ خوشی ہے، ہماری تمنا ہے کہ یہ بینڈ ایسے ہی لوگوں کو اپنی موسیقی سے توانا رکھے۔