گیم ڈیزائننگ میں کیریئر

December 30, 2018

گزشتہ چند دہائیوں سے ویڈیو گیم انڈسٹری نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے اور آمدنی کے حوالے سے بھی انٹرٹینمنٹ کی دنیا میںگیم ڈویلپمنٹ بہت پُرکشش ہوتی جارہی ہے۔ اس انڈسٹری میں اگر کام کرنے کی بات کی جائے تو اب اس کو باقاعدہ کیریئر کی شکل دی جارہی ہے اورمنظم طریقے سے ملازمتوں کا تعین کیاجارہاہے جو کہ پہلے نہیںتھا۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ایسے تعلیمی ادارے ہیں، جو گیم ڈیزائننگ یا گیم ڈویلپمنٹ کی تعلیم دے رہےہیں۔ اگر آپ تخلیقی ذہن کے مالک ہیں، لوجکس سمجھتے ہیں، گیمزکھیلنے اورسمجھنے کا تجربہ رکھتے ہیں تو آپ جدید ٹولز اور سوفٹ ویئرز کے ذریعے نئے گیمز تیار کرسکتے ہیں اور ملک میں یا ملک سے باہر بھاری معاوضے پر کام کرسکتے ہیں۔ آئیںدیکھیں کہ گیم ڈیزائننگ میں آپ کی صلاحیتوںکے مطابق کونسے راستے کھلے ہیں۔

گیم اینیمیٹر

اینیمیشن کسی بھی گیم کی بنیاد ہوتی ہے، چاہے وہ 2Dہو یا 3D۔ اینیمیش کے ذریعے ہی گیم کے کرداروں اور عوامل میںزندگی لائی جاتی ہے۔ البتہ اینیمیشن کی بھی حدہوسکتی ہے، جو پروڈکشن کمپنی کی ہیئت اور بجٹ پر منحصر ہوتی ہے۔

گیم اینیمیٹر کیریئر پاتھ :اب جبکہ گیم سینیمیٹک نیچر والے بن رہے ہیںتو کوالیفائیڈ پروفیشنلز کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے ۔نت نئے سوفٹ ویئرز اپنانے اور طلبا کو تیز رفتاری سے سِکھانے کیلئے ادارے بہت کاوشیںکررہے ہیں۔ اس کام کا ایک فائدہ یہ ہے کہ ا س میںآپ کو تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ تخلیقی مہارتوں کا بھی استعمال کرنا ہوتاہے۔ ایک مشکل اس میںضرور ہوتی ہے کہ آپ کو ڈیڈ لائن پوری کرنے کیلئے بہت زیادہ کام کرنا پڑسکتاہے اور اپنی نیندکی بھی قربانی دینی پڑ سکتی ہے۔

گیم اینیمیٹر کا معاوضہ:بحیثیت اینیمیٹر اگر آپ کے پاس 3سے6سال کا تجربہ ہے تو آپ کو دیار غیر میں سالانہ50ہزار ڈالر تک آمدنی حاصل ہو سکتی ہے اور پاکستان میںبھی آپ کی تنخواہ چھ ہندسوںمیںہونے کے قوی امکانات ہیں۔

گیم آڈیو انجینئر

کسی بھی گیم میں سائونڈ ٹریک، وائس اوور اور آڈیو ایفیکٹس شامل ہوتے ہیں۔ اگر آپ کی دلچسپی میوزک اور سائونڈ ٹریک میںہے تو آپ یہ فیلڈ بھی اختیار کرسکتے ہیں۔

گیم آڈیو انجینئرنگ کیریئر پاتھ :اس شعبے کے لیے سائونڈ انجینئرنگ کی ڈگری رکھنے والے کو ترجیح دی جاتی ہے، تاہم ایک آڈیوا نجینئرکا پورٹ فولیواور تجربہ رکھنے والا بھی پرکشش معاوضے پر اس انڈسٹر ی میںکام کرسکتاہے۔ گیم کے ڈیزائن کے مطابق اوریجنل اور خوبصورت میوزک کمپوز اورپرفارم کرنے کی صلاحیت آپ میں ہونی چاہئے۔ اس ضمن میںآپ کو مختلف فنکاروںکے ساتھ میوزک بھی ریکارڈ کروانا پڑتاہے۔

گیم آڈیو انجنیئرکا معاوضہ :ویڈیو گیم آڈیو، میوزک انڈسٹری میںتیزی سے ترقی کررہی ہے اور اس میںسخت مقابلہ ہے۔ ایک جونیئر آڈیو اسسٹنٹکو 20ڈالر فی گھنٹہ ( جو سالانہ 30ہزار ڈالر بھی ہوسکتے ہیں) کے حساب سے مل جاتے ہیں جبکہ پروفیشنل اور تجربہ کار آڈیو انجینئرکی آمدنی اس سے دگنی ہو سکتی ہے۔

گیم ڈیزائنر

گیم پروڈکشن پروسیس میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے گیم ڈیزائنرز دن رات محنت کرتے ہیں اور اپنے کونسیپٹس کو کھیلنے کے قابل بنانے کیلئے انتھک محنت کرتے ہیں۔

گیم ڈیزائنر کیریئر پاتھ : گیم ڈیزائن اسکول سے گریجویٹ کرنے والے گیمنگ انڈسٹری میں ہاتھوںہاتھ لیے جاتے ہیںاور انھیں کسی راک اسٹا ر کی طرح ٹریٹ کیا جاتاہے۔ عوام بھلے آڈیو انجینئر کا نام نہ جانتے ہوںلیکن گیم تخلیق کرنے والوں کے نام، جیسے نوچ اور جان رومیرو کا نام، سب کو معلوم ہے۔ اس فیلڈ میںڈیڈلائن پوری کرنے کا پریشر بہت ہوتاہے ۔

گیم ڈیزائنر کا معاوضہ :گیم ڈیزائنر کا معاوضہ50ہزار سے 120ہزار ڈالر سالانہ ہوسکتاہے، جس میںاسٹوڈیو سائز کے ساتھ ساتھ آپ کے سینئر ہونے کی وجہ سے بے پناہ اضافہ ہو سکتاہے۔

گیم پروگرامر

ڈیزائنر گیم کا خواب دیکھتا ہےاور پروگرامر اس کی تعبیر دیتاہے۔ اس کی بھی بہت زیادہ اہمیت ہے کیونکہ اچھی پروگرامنگ گیم کو ’بَگ فری‘ بناتی ہے۔

گیم پروگرامر کیریئر پاتھ :اس کیلئے تو آپ کو ++C لینگویج آنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ دیگر پروگرامنگ لینگویجز ، کمپوٹرسائنس کی ڈگری اور تجربہ بھی لازمی ہے۔ پروگرامر اینیمیشن کے ساتھ ہونے والی کوڈنگ کو دیکھتاہے کہ آیا یہ کام کررہی ہے یا نہیں۔

گیم پروگرامر کا معاوضہ :اگر آپ کے پاس تین سال کا تجربہ ہے تو آپ کی متوقع تنخواہ 70 ہزار سےایک لاکھ ڈالر سالانہ تک ہوسکتی ہے۔