بیٹری سے چلنے والے روبوٹک لباس

January 07, 2019

اس جدید دور میں ماہرین حیران کن چیز یں ایجاد کرنے میں سر گرداں ہیں ۔حال ہی میں امریکا میں واقع سار کوس کمپنی نے ایک ایسا روبوٹک لباس(ایکزو اسکیلیٹن ) تیار کیا ہے جو 200 پونڈ (90 کلو گرام ) تک بآسا نی وزن اُٹھا سکیں گے ۔اس کی وجہ سے ایک مزدور ایک وقت میں دگنا وزن اُٹھانے کے قابل ہو جائیں گے ۔یہ لبا س پہننے والے کو 20 گنا مضبوط بناتا ہے ۔ماہرین کی جانب سے اس کو ’’گار جیئن ایکس او میکس ‘‘ دیا گیا ہے۔یہ بیٹری سے چلنے والا دنیا کا پہلا روبوٹ نظام ہے جسے پورے بدن پر پہنا جاسکتا ہے ۔کمپنی نے اس کو آرڈ ر پر تیار کرنا شروع کر دیا ہے اور 2020 ء تک اس کو مارکیٹ میں پیش کر دیا جائے گا ۔ماہرین کے مطابق اس میں سب سے بڑا چیلنج چھوٹی بیٹری کو جوڑ کر روبوٹ لباس بنانا تھا ،اسی لیے اس کو بنانے میں کئی سال لگ گئی ۔ایک بار بیٹری چارج کرنے سے لباس 8 گھنٹے تک کام کرسکتا ہے اور خالی بیٹریوں کو بڑی آسانی سے چارج شدہ بیٹریوں سے بدلا جاسکتا ہے ۔اس روبوٹک لباس کو پہننے والا جب وزن اُٹھا تا ہے تو اسے وزن کے بیسیویں حصے کا احساس ہوتا ہے ،تا ہم ابھی تک اس کی قیمت مقرر نہیں کی گئی ہے۔