جوہانسبرگ میں جیت کی جنگ،پاکستان کو مزید228رنز درکار،پروٹیز کو سات وکٹ کی ضرورت

January 14, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


جوہانسبرگ (جنگ نیوز) جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستان کے خلاف مسلسل دوسری ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے لئے سات وکٹوں کی ضرورت ہے۔جوہانسبرگ میں جیت کیلئے جنگ شروع ہوگئی ہے۔ کلین سوئپ سے بچنے کے لئے اور غیرمتوقع فتح کیلئے پاکستانی بیٹسمینوں کو رنز کا ہمالیہ سر کرتے ہوئے مزید228 رنز بنانا ہوں گے۔ پروٹیز ٹیم کے فاسٹ بولر گرین کیپس کے لئے وبال جان بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے سب سے مستند اور کامیاب بیٹسمین اظہر علی سیریز کی چھ اننگز میں59رنز بنانے میں کامیاب رہے381رنز ہدف کے تعاقب میں اتوار کو وانڈررز میں تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستانی بیٹسمینوں نے مزاحمت کی۔ کھیل ختم ہونے پر مہمان ٹیم نےتین وکٹ پر153رنز بنائے تھے۔ اسد شفیق47 گیندوں پر48 رنز بناکر نا قابل شکست ہیں انہوں نے8چوکے مارے ہیں۔ ان کے ساتھ بابر اعظم 17رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ دونوں کی پارٹنر شپ میں49رنز بن چکے ہیں۔ قبل ازیں کوائنٹن ڈی کوک کی سنچری کی بدولت جنوبی افریقا نے دوسری اننگز میں 303رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے381 رنز کا ہدف دیا تھا ۔ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی ٹیم صرف ایک بار382رنز بناکر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سات وکٹ سے جیت چکی ہے۔ یونس خان کے171رنز کی بدولت پالی کیلے میں پاکستان نے ٹیسٹ تاریخ کا سب سے بڑاہدف کامیابی سے عبور کیا تھا۔ امام الحق، جنھوں نے پہلی اننگز میں 43 رنز بنائے تھے، اپنی دوسری اننگز میں 35 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر وکٹ کیپر کوائنٹن ڈی کاک کو کیچ دے بیٹھے۔ تھوڑی ہی دیر بعد شان مسعود بھی37 رنز بناکر اسٹین کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اظہر علی کی جدوجہد اولیویئر کی شارٹ پچ گیند پر15رنز بناکر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہوکر ختم ہوئی ۔ ڈی کوک نے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی اور دو سال میں پہلی سنچری بناکرپاکستانی بولنگ کے لئے مشکلات پیدا کیں۔ انہوں نے شاداب خان کو چھکا ماکر اپنے سب سے زیادہ ٹیسٹ اسکور 129رنز کا ریکارڈ برابر کردیا۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا کا اسکورپانچ وکٹ پر135رنز تھا۔پاکستانی بولروں نے آخری پانچ وکٹیں لینے کے لئے168مزید رنز دے دیے۔ ڈی کوک نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار 129 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈی کوک کا ساتھ رابادا نے دیا جو 21رنز بنا سکے۔ دوسری اننگز میں پاکستانی فاسٹ بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے 4کھلاڑی 50رنز سے پہلے ہی پویلین بھیج دیے تھے تاہم ہاشم آملا اور ڈی کوک نے 102 رنز کی شراکت قائم کی، ہاشم آملا 72 رنز کی اننگزکھیل کر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان نے ڈی کوک اور آخری بیٹسمین اولیویئر کو آؤٹ کیا ۔شاداب خان نے41اورفہیم اشرف نے42رنز دے کر تین تین وکٹ حاصل کئے۔محمد عامر نے56رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔حسن علی اور محمد عباس کو ایک ایک وکٹ ملی۔سرفراز احمد نے پانچ کیچ لئے اور میچ میں دس کیچ لے کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کو 2-0 سے ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور اب اس کی نظریں سیریز میں کلین سویپ کرنے پر ہیں۔