آئین تھک چکا ہے کچھ دیر اسے آرام دینے کی ضرورت ہے ،حسن نثار

January 14, 2019

کراچی(ٹی وی رپورٹ)اگر تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہوگئی تو کیا آپشن ہوں گے ہمارے پاس اس حوالے سے سینئر تجزیہ کار حسن نثار کا کہنا ہے کہ اللہ کرے ایسا نہ ہو کہ ناکام ہوجائیں خاص طور پر میرے لیے کنفیوژن والی صورتحال ہے بے شمار لوگ کہہ رہے ہیں آپ بھی مایوس لگ رہے ہیں ۔ حکومتیں ہوتی ہیں عوام کو سکھ دینے کے لئے اگر یہ بالکل معاملہ الٹ ہو تو پھر کیا کہیں اللہ کرے سنبھل جائیں۔ جہاں تک آپشن کی بات ہے قائد اعظم کے بعد بھی پاکستان چل رہا ہے بہت اچھے اچھے لوگ آئے چلے گئے دنیا چل رہی ہے مختلف آپشن جس کی بات ہے ٹیکنوکریٹس آجائیں، بدنصیبی کی انتہاہوجائے کوئی آزمایا ہوا پھر سے آجائے ڈسنے کیلئے، مارشل لاء کا موسم نہیں رہا کنفیوژن تو ہے۔آئین تھک چکا ہے کچھ دیر اس کو آرام دینے کی ضرورت ہے عدالتی حوالہ سے کہہ رہاہوں جبری رخصت کی بات نہیں کر رہا ۔ٹاپ کے پرو فیشنل ہوں چند اچھے سیاستدان ان کا ٹیم بنا دی جائے۔ اس ملک کو پکی سڑک پر لے آئیں پھر سیاست سیاست کھیلتے رہیں۔ دعا یہی ہے کہ فیل نہ ہوں لیکن اگر ہوجاتے ہیں تو قیامت نہیں آجائے گی دنیا چلتی رہتی ہے۔ میں مدتوں اس غلط فہمی کا شکار رہا ہوں کہ ٹاپ لیڈر اگر ایماندار ہے تو حالات میں بہتری آسکتی ہے لیکن یہ مفروضہ غلط ہے آپ پاکستان کی تاریخ دیکھیں لیاقت علی خان سے لے کر ضیاء الحق تک بددیانت ،کرپٹ نہیں تھے۔ ایک ایساپروپگنڈا تھا جس سے میرے جیسا بندہ بھی شکار ہوا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے غلط نہیں ہوگا ۔انڈیا میں بھی دیانتدار لوگ گزرے ہیں لیکن وہاں کی سوسائٹی بھی کرپٹ ہے ۔ زیادہ دورکی بات نہیں کرتا دو ڈھائی مہینے میں جب قرض کی قسط دینے کی بات آئے گی تو دیکھیں کیا ہوتاہے ۔ جن لوگوں نے جو قرض دیا ہے وہ امریکا کی رضا مندی کے ساتھ دیا ہے سوائے چین کے۔وزیراعظم نے کہا کرائے کی بندوق نہیں بنیں گے مجھے تو لگتا ہے بندوق ہی نہ لے جائیں۔ بلاول بھٹو نے اپنے سندھ کے وزراء سے کہا ہے کہ کام کریں ورنہ گھر جائیں اس حوالے سے حسن نثار کا کہنا ہے کہ بلاول سے توقعات ہیں اس نوجوان میں اگر اس ملک کی سیاست میں کچھ حصہ ڈالنا ہے تو عملی اقدامات کرنا پڑیں گے۔