سکاٹ لینڈ میں حکومت کا ہتک عزت قوانین پر نظرثانی کا فیصلہ

January 16, 2019

گلاسگو (طاہر انعام شیخ)سوشل میڈیا نے اب ایک عام آدمی کو وہ طاقت دے دی ہے جو کبھی صرف میڈیا ہائوسز کے پاس ہوا کرتی تھی۔ یہ طاقت اگر ایک نعمت ہے تو اس کا غلط استعمال بے شمار افراد کے لئے زحمت کا باعث ہوسکتا ہے۔ سکاٹ لینڈ کی حکومت سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر ہتک عزت کے قوانین پر نظرثانی کررہی ہے تاکہ اسے موجودہ حالات اور صورتحال کے مطابق تبدیل کیا جاسکے۔ سکاٹش لا کمیشن نے اس بارے میں تین سال کے غوروخوض کے بعد49سفارشات پیش کی ہیں اور اب عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ 5اپریل تک ان سے متعلق رائے دیں۔ عوامی مشاورت کے پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ کی کمیونٹی اینڈ سیفٹی منسٹر ایش ڈینہم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعضغلط معلومات بڑی تیزی کے ساتھ پھیلتی ہیں جن کے سدباب کے لئے نئی قانون سازی ضروری ہے، ہتک عزت کا قانون ہم سب کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر فرد کی عزت محفوظ ہو، نئی قانون سازی ماڈرن سکاٹ لینڈ کی ضروریات کے مطابق ہوگی اور اس میںہم سب کی رائے اور کوششیں شامل ہونی چاہئیں۔