پی ٹی آئی کو اپوزیشن کی کم اتحادیوں کی زیادہ فکر کرنی چاہئے،تجزیہ کار

January 17, 2019

کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ علی زیدی نے درست کہا کہ پی پی اور ن لیگ میں مک مکا سارے یوٹرن کی ماں ہے، اپوزیشن اتحادکھال بچاؤ، مال بچاؤاور آل بچاؤ اتحاد ہے، پی ٹی آئی کو ایک فیصلہ کرلینا چاہئے کہ یوٹرن گالی ہے یا کوئی اثاثہ ہے، عمران خان تو کہہ چکے ہیں کہ وہ لیڈر ہی نہیں جویوٹرن نہیں لیتا ،پی ٹی آئی کو اپوزیشن کی کم اپنے اتحادیوں کی زیادہ فکر کرنی چاہئے،پرویز مشرف کی جانب سے منجمد بینک اکاؤنٹ سے رقم نکلوانے کا الزام پی ٹی آئی حکومت کو نہیں دیا جاسکتا، اٹھارہویں ترمیم میں دو تہائی اکثریت کے بغیر نہیں ترمیم نہیں کی جاسکتی۔ان خیالات کا اظہار بینظیر شاہ، بابر ستار، ارشادبھٹی، حفیظ اللہ نیازی اور حسن نثار نے جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال پی پی اور ن لیگ کے درمیان مک مکا سارے یوٹرن کی ماں ہے، علی زیدی، کیا ماضی کے سخت سیاسی مخالفین کے معاملات میں حالیہ گرمجوشی پر وفاقی وزیر کا تبصرہ درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ علی زیدی نے سوفیصد درست کہا ہے کہ پی پی اور ن لیگ میں مک مکا سارے یوٹرن کی ماں ہے، یہ سارے ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں،پی ٹی آئی اقتدار میں آکر ایکسپوز ہوگئی ہے۔