مقبوضہ کشمیر میں نظر بند صحافی کو فوری رہا کیا جائے: سی پی جے

January 17, 2019

صحافیوں کے حقوق اور صحافتی آزادی کے حوالے سے بین الاقوامی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے)نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری صحافی آصف سلطان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صحافی آصف سلطان کا کسی کے حوالے سے کوئی تحریر لکھنا یا کسی سے انٹرویو لینا جرم نہیں ہے۔

سی پی جے کے مطابق ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کشمیر میں ایک خطرناک ماحول میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور تنظیم کو علاقے میں پریس کی آزادی کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔

سی پی جے نے مقبوضہ کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک پر زور دیا ہےکہ وہ آصف سلطان کی فوری رہائی اور ان پر لگائے گئے الزامات ختم کرانے کے لیے کردار ادا کریں۔