ثاقب نثار دور، تاریک رہا، ہمیشہ بہتری کیلئے کوشش کی، تجزیہ کار

January 18, 2019

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار مظہر عباس، ارشاد بھٹی، محمل سرفراز، بابر ستار، ریما عمر اور حفیظ اللہ نیازی نے کہا ہے کہ بطور چیف جسٹس ثاقب نثار کا دور تاریک دور سمجھا جائے گا، ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ہمیشہ کچھ بہتر کرنے کی کوشش کی، بے شمار لوگوں کو ریلیف ملا، ای سی ایل سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے تو پھر عمران خان پرویز خٹک، علیم خان کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کر رہے تھے۔ پہلے سوال بطور چیف جسٹس ثاقب نثار کے دور کو آپ کیسے ریٹ کرتے ہیں؟ کا جواب دیتے ہوئے بابر ستار نے کہا کہ ثاقب نثار کا دور سپریم کورٹ کا تاریک دور سمجھا جائے گا، اختیارات کا بے جااستعمال کیا، سیاسی عدم استحکام کے ساتھ بے تحاشا قانونی عدم استحکام بھی پیدا ہوا، ان جتنا نقصان شاید پہلے کسی چیف جسٹس نے نہ کیا ہو۔