حکم عدولی پر 3پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری

January 18, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے عدالتی حکم عدولی پر 3 پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 19 جنوری کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے تھانہ بستی ملوک میں درج مقدمہ سرکار بنام عامر وغیرہ میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر 2 سب انسپکٹروں محمد اسماعیل اور حسین بخش اور کانسٹیبل سلیم کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے نکاح کے بعد سسرالی رشتے داروں کی جانب سے جائیداد نام نہ کرنے پر ہراساں و پریشان کرنے کیخلاف درخواست پر ایس ایچ او تھانہ گلگشت سے آج 18 جنوری کو جواب طلب کرلیا ہے،عدالت میں ملتان کے محمد بلال جیلانی نے درخواست دائر کی تھی،سیشن عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود رقم ادا نہ کرنے کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ نیو ملتان سے آج 18جنوری کو جواب طلب کرلیا ہے،فاضل عدالت میں محمد عثمان نے درخواست دائر کی تھی کہ محمد تسلیم نے کاروباری لین دین کے سلسلے میں21 لاکھ روپے واپس ادا کرنے تھے جس کی ادائیگی کا بیان 31 دسمبر کو عدالت میں ریکارڈ کروایا جس پر درخواست گزار نے درخواست واپس لے لی تھی تاہم رقم کی ادائیگی آج تک نہ کی گئی ،فاضل عدالت نے سرکاری پانی کی چوری کے ملزم ریاض کی عبوری ضمانت کنفرم کرتے ہوئے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دےکر رقم بٹورنے والے 3 ملزمان محمد خان ، غریب نواز اور خلیل احمد کا 4،4 وزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیاہے ،جبکہ تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کے مقدمہ میں ملزم تھانہ قادر پور راں کے ٹرینی اے ایس ائی نوید عرفان اور ایس ایچ اوفلک شیر پہوڑ کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا ہے۔سیشن عدالت نے جامعہ زکریا کی طالبہ سے زیادتی کے مقدمہ کی سماعت میں بیان سے انحراف کرنے والی متاثرہ طالبہ پر سرکا ری وکیل کی جانب سے جرح کے سوالات اور مزید شہادتوں کیلئے سماعت 22 جنوری تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے، گزشتہ روز سماعت میں مدعیہ مرجان اور ملزمان اجمل مہار ، تنزیل ، علی، عثمان قاسم، عثمان خالد اور نشاط ازخود عدالت میں پیش ہوئے جس پر مدعیہ کا بیان قلمبند کیا گیا، فاضل جج نے مقدمہ کے تفتیشی افسر اور میڈیکل آفیسر سمیت دیگر کی شہادتوں کیلئے سماعت ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔