شہریوں کی تمام شکایات کو میرٹ پر حل کیا جائے گا:سی پی او

January 19, 2019

ملتان(سٹاف رپورٹر )سٹی پولیس آفیسر ملتان عمران محمود نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری لگائی سائلین کے مسائل سنے۔ انہوں نے سائلین کو سننے کے بعد متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ان کے مسائل فوری میرٹ پر حل کرنے کے احکامات دیئے، سی پی او ملتان نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ ان تمام معاملات کی مکمل تحقیقات کر کے مجھے رپورٹ پیش کریں، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی تمام شکایات کو میرٹ پر حل کیا جائے گا، دریں اثنا سٹی پولیس آفیسر ملتان عمران محمود کی ہدایت پر سود خوروں کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیاہے، سی پی او ملتان نے کہا ہے کہ سود ایک لعنت اور معاشرتی جرم ہےسود خوروں نے مجبور لوگوں کو اپنے شکنجے میں جکڑ رکھا ہے اس لئے ان کے خلاف کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے، ملتان شہر کے 100 سے زائد بڑے سود خوروں کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں ، سی پی او نےعوام سے اپیل کی ہے کہ جن کو اس طرح کی شکایات ہیں وہ متعلقہ تھانوں میں جا کر شکایات درج کروائیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔