پاک فوج کا کردار قابل تعریف، امریکی کمانڈر جنرل جوزف کی جی ایچ کیو میں آرمی چیف سے ملاقات، جیواسٹریٹجک صورتحال علاقائی سلامتی اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال

January 21, 2019

اسلام آباد(اے پی پی) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجودپاکستان علاقائی امن واستحکام کے لئے اپنے حصے کی تمام کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ کوششیں جاری رکھے گا‘افغانستان میں امن خطے کے لئے اہم ہے جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ایل ووٹل نے خطے میں امن و استحکام کے لئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ علاقائی امن کیلئے افواج پاکستان کا کردارقابل تعریف ہے۔ اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل کی قیادت میں وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جیو اسٹریٹجک صورتحال ، علاقائی سلامتی اور افغانستان میںامن و مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔