کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی خاتون حاملہ ہے

January 21, 2019

کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس مقابلہ ہوا ہے جس کے دوران ملزمان اور پولیس کی فائرنگ کی زد میں آکر میاں بیوی زخمی ہوگئے، زخمی حاملہ خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔

عوامی کالونی پولیس اور اسپتال ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکاروں نے کورنگی نمبر 5 میں ماڈل پارک کے قریب دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔

مشتبہ افراد نے رکنے کے بعد پولیس اہلکاروں سے مقابلے میں ایک رائفل چھین لی اور فرار ہوگئے، بعد میں انہوں نے کچھ دور جا کر رائفل پھینک دی۔

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کے مطابق پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا،جس کی زد میں آکر وہاں سے گزرنے والا 32 سالہ عدنان آفرین نامی شخص اور اس کی 28 سالہ اہلیہ ثاقبہ خان گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔

زخمی جوڑے کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جناح اسپتال کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ زخمی خاتون حاملہ ہے جس کی حالت تشویش ناک ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خاتون کو دو گولیاں سینے اور کندھے میں لگی ہیں جبکہ ان کے شوہر کے سر میں گولی لگی تاہم اس کے شوہر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

زخمی جوڑا گھر سے کھانا کھانے نکلا تھا کہ پولیس مقابلے میں ہونے والی فائرن کا نشانہ بن گیا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ زخمی میاں بیوی کورنگی نمبر 5 سیکٹر C/35 واقع مکان نمبر C-753 کے رہائشی ہیں۔

علاقہ ایس ایس پی کا واقعے کے حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس موٹر سائیکل سوار ملزمان کا تعاقب کررہی تھی کہ ملزمان نے پولیس کو پیچھے آتا دیکھ کر فائرنگ کردی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ شروع کی جس کی زد میں آکردونوں زخمی ہوئے، جبکہ ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ابھی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے، تاہم واقعہ کی تفتیش کررہے ہیں کہ دونوں کس کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کاکہناہے کہ جائے وقوع سے ملنے والے خول کی فرانزک کرائی جائے گی جس کے بعد معلوم ہوگا کہ وہ کس کی گولیوں سے زخمی ہو ئے ہیں۔

کورنگی میں پولیس فائرنگ کے واقعے میں نیا موڑ آیا ہے، جس سے پولیس اہلکاروں کی غفلت سامنے آگئی، مسلح ملزمان پولیس اہلکاروں کی سرکاری ایس ایم جی چھین کر فرار ہوئے، دوسرے اہلکار نے مزاحمت کی اور دو طرفہ فائرنگ ہوئی فائرنگ کی زد میں آکر عدنان اور اس کی بیوی ثاقبہ زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ مبینہ مقابلے کے بعد ملزمان سرکاری ایس ایم جی پھینک کر فرار ہوئے جو برآمد کرلی گئی، خاتون کو بڑ ے ہتھیار کی گولی لگی یا چھوٹے کی اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پو لیس اہلکاروں کو صبح گن کر گولیاں دی جاتی ہیں، غفلت برتنے والے دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے کر بیان ریکارڈ کیا جارہا ہےابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے کہ میاں بیوی کس طرف سے چلنے والی گولی کی زد میں آئے، ایس ایس پی کورنگی کے مطابق زخمی خاتون کی حالت تشو یشنا ک ہے۔

ادھر آئی جی سندھ سید کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور ایس ایس پی کورنگی سے اس واقعے کی تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔