وزیراعظم عمران خان قطر کے دورے پر روانہ

January 21, 2019

وزیراعظم عمران خان قطر کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے۔

روانگی سے قبل سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان قطر سے واپسی پر سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو سزا دینے کا اعلان کیا۔

امیر قطر شیخ بن حمد الثانی کی دعوت پر دوحہ کے 2 روزہ دورے پر ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وزیر خزانہ اسد عمر،وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور مشیر تجارت عبدالرزاق داود بھی روانہ ہوئے ہیں۔

قطری سفیر صقر بن مبارک کے مطابق وزیراعظم پاکستان اس دورے میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور قطری وزیراعظم عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقاتیں کریں گے، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئیں گے۔

وزیراعظم اس دورے کے دوران پاکستانی افرادی قوت کو قطر بھیجنے کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم قطری قیادت کو پاکستان میں تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کی باقاعدہ دعوت دیں گے۔

عمران خان نے روانگی سے قبل ایک بیان میں کہا کہ سانحہ ساہیوال عوام کا غم و غصہ جائز اور قابل فہم ہے، قطر سے واپسی پر پنجاب پولیس کے اسٹرکچر کا جائزہ اور اصلاحات کا آغاز کیا جائے گا۔